اگرتلہ، 17 جولائی (یو این آئی) وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ساؤتھ ایسٹ ونگ کے ورکنگ صدر آلوک کمار نے پیر کو ہندوؤں کی عیسائی مذہب میں تبدیلی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔مسٹر کمار نے کہا کہ یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے جلد نفاذ سے ہندو مذہب کو لاحق خطرات میں کمی آئے گی۔ تریپورہ میں عیسائیوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک موثر قانون لانا چاہیے ۔
کمار نے کہا، “سال 1991 میں تریپورہ میں عیسائیوں کی کل تعداد مجموعی آبادی کا صرف پانچ فیصد تھی، جو 2001 میں بڑھ کر 10 فیصد اور 2011 کی مردم شماری میں 13.12 فیصد ہوگئی۔ مردم شماری کی تازہ ترین رپورٹ اگرچہ ابھی جاری ہونا باقی ہے ، لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب تک یہ تعداد 20 فیصد سے تجاوز کر جائے گی، کیونکہ ہندو مذہب سے عیسائی مذہب میں زبردستی تبدیلی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کرپٹو-مسیحی ہیں جو اپنی اصل شناخت ظاہر کرنے سے کتراتے ہیں ابھی تک ان کی گنتی نہیں کی گئی ہے ۔کمار نے کہا کہ ہندوستانی آئین مذہب کی تبدیلی کی اجازت دیتا ہے ، لیکن مذہب کی تبدیلی لالچ کے ذریعے کی جا رہی ہے ، جیسے کہ نوکریاں، مفت تعلیم اور صحت کی خدمات، جسے غیر منصفانہ سمجھا جائے گا۔
کمار نے کہا، ‘‘ہم ریاستی حکومت سے جبری تبدیلی کے خلاف ایک موثر قانون لانے کی درخواست کریں گے ۔’’ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ معاشرے میں امن برقرار رکھنے کے لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لے۔
وی ایچ پی کے لیڈر نے منی پور میں جاری ہنگامہ آرائی کے بارے میں بات کی اور کہا کہ حکومت کی بنیادی توجہ تنازعات سے متاثرہ ریاست میں معمول کے حالات کو بحال کرنا، بچوں کو تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا، بے گھر ہونے والے ہزاروں لوگوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانا ہے اور اس کو وسعت دینا ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سینکڑوں لوگوں کی حمایت کرتا ہوں جنہوں نے تشدد کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔