کانپور: کانپورمیں ۸ پولیس ملازمین کے قتل کے تیسرے دن آئی جی رینج موہت اگروال تیسری بار اتوار کو پھر کانپور کے بکروگاؤں پہنچے،وہاں انھوںنے وکاس دوبے کے زمیں دوزقلعہ نماں مکان کا معائنہ کیا۔آپریشن وکاس کی سرگرمیوں کے بارے میں انھوںنے بتایاکہ راجستھان ، ہریانہ اور بہار میں بھی پولیس ٹیمیں بناکر کامبنگ شروع ہوگئی ہے۔
ان سبھی ریاستوں کے آئی جی وڈی آئی جی براہ راست رابطہ میں ہیں۔اس چکرویوہ کو بھید پانا آسان نہیں ہوگا،جلد ہی وکاس پولیس کے شکنجہ میں ہوگا،یہ کسی دہشت گردی واردات سے کم نہیں ہے۔ وکاس کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جوایک دہشت گرد کے ساتھ ہوتاہے۔
نیست ونابود قلعہ سے برآمدگی کے سوال پر آئی جی نے کہاکہ جلد ہی بڑاانکشاف کیاجائے گا،پولیس کو اطلاع تھی کہ وکاس دوبے نے اپنے گھرمیں کثیر مقدار میں جدید ہتھیاروں کو دیواروں،تہ خانوں اور سرنگ میں چھپارکھاہے،چھان بین جاری ہے۔
آئی جی نے دوٹوک کہاکہ چوبے پورتھانہ سے پولیس کارروائی لیک ہوئی ہے اس کے پختہ ثبوت مل چکے ہیں ،پورے تھانہ کے ہر پولیس ملازمین کی جانچ ہوگی ،موبائل کال ڈیٹیل اکٹھاکی جارہی ہے جو بھی قصور وار ہوگا اس کے خلاف پولیس قتل کی سازش رچنے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے گی۔
اے ڈی جی بھی پہنچے بکرو،کہاجلد ہی شکنجہ میں ہوگا وکاس دوبے:اے ڈی جی زون جے نارائن سنگھ بکروپہنچے ، انھوں نے بتایاکہ مجرمانہ تاریخ کے بعد بھی کنبہ ونزدیک کے لوگوں کو اسلحوں کالائسنس کیسے دیاگیاہے،
اس کی جانچ کی جارہی ہے ، ۱۱؍ اسلحوں کی جانچ کی جارہی ہے،اوریامیں جو گاڑی ملی ہے اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے گاڑی میں ایک موبائل ملاہے ،گاڑی سے جڑے کنبہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ،جلد ہی موسٹ وانٹیڈ تک پولیس پہنچ جائے گی۔
بکرو موضع پہنچے آئی جی موہت اگروال نے کہاکہ چوبے پورکا پوراتھانہ شک کے دائرہ میں ہے ،۸پولیس ملازمین کے قتل میں شامل رہے ہسٹری شیٹر وکاس دوبے پر پولیس نے ایک لاکھ کے انعام کا اعلان کر کے موسٹ وانٹیڈمجرم قرار دیاہے۔
کانپور کے چوبے پور کے بکروموضع میں تصادم کے دوران سی اوسمیت ۸پولیس ملازمین کے شہید ہونے کی واردات میں شامل رہے ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کی تلاش میں مصروف پولیس کڑی درکڑی آگے بڑھ رہی ہے ،
حالانکہ پولیس ابھی وکاس کو گرفتار نہیں کرسکی ہے ،پولیس نے واردات میں شامل رہے وکاس کے ۲۱ساتھیوں کی فہرست تیار کی ہے،جس میں سنیچر کی رات ایک ساتھی کو تصادم میں پکڑا ہے ،جبکہ دوساتھیوں کو واردات کے دوسرے دن ہی تصادم میں مار گرایاتھا۔
اے ڈی جی نے وکاس دوبے کو موسٹ وانٹیڈجرائم پیشہ کی فہرست میں شامل کرکے۵۰ہزار سے بڑھاکرانعامی رقم ایک لاکھ کردی ہے۔آئی جی نے گاؤں کی حالت کی معلومات حاصل کی اور کہاکہ واردات میں چوبے پور تھانہ شک کے دائرہ میں ہے۔