نئی دہلی: کانگریس کی اسٹار کمپینر پرینکا گاندھی کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر ونے کٹیار کے تبصرے پر شدید جوابی حملہ کرتے ہوئے محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ اس سے ملک کی نصف آبادی کے تئیں بی جے پی کی ذہنیت کو عیاں کردیا ہے ۔
محترمہ پرینکا گاندھی نے کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل پر بی جے پی لیڈر کے تبصر پر اپنے رد عمل میں کہا کہ”مجھے ہنسی آتی ہے ۔انہوں نے ملک کی آدھی آبادی کے سلسلے میں بی جے پی کی ذہنیت کو اجاگر کردیا ہے “۔
انہوں نے کہا کہ اگر خود کو بااختیار بنا کر ایک مقام حاصل کرنے والی خواتین کے بارے میں بی جے پی کے لیڈر وں کی یہی سوچ ہے تو اس طرح کی ذہنیت پر ہنسی آ سکتی ہے ۔ محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس تبصرے سے ملک کی نصف آبادی کے تئیں بی جے پی کی نیچ سوچ کا ہی پردہ فاش ہوا ہے ۔ دریں اثناء، محترمہ پرینکا کے شوہر رابرٹ واڈرا نے بھی مسٹر ونے کٹیار کے بیان کی سخت تنقید کی اور کہا کہ انہیں اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے ۔
واضح رہے کہ مسٹر کٹیار نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ “پرینکا سے کہیں زیادہ خوبصورت کمپینر بی جے پی میں ہیں۔ ان کے آنے سے کیا فرق پڑے گا۔ ان سے خوبصورت بھی کئی خواتین ہیں،جو اسٹار کمپینر ہیں “۔