بولی وڈ انڈسٹری کے ایک نامور ستارے ونود کھنہ کے انتقال نے ان کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں کو افسوس میں مبتلا کردیا۔
ان کا شمار بولی وڈ کے ان کامیاب ستاروں میں کیا جاتا رہا ہے جو کئی دہائیوں تک اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کرتے رہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آج ہی کے دن بولی وڈ نے اپنا ایک اور بہترین ستارہ کھو دیا تھا؟
7 سال قبل 27 اپریل کو بولی وڈ 69 سالہ اداکار اور ہدایت کار فیروز خان کا بھی انتقال ہوا تھا، وہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔
ونود کھنہ اور فیروز خان ایک دوسرے کے بہترین دوست مانے جاتے رہے، ان دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔
یہ دونوں پہلی مرتبہ ایک ساتھ 1976 کی فلم ’شنکر شمبھو‘ میں ساتھ جلوہ گرہوئے، ان دونوں نے 1980 کی کامیاب فلم ’قربانی‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا، فیروز خان نے اس فلم کی ہدایتکاری بھی کی تھی۔
ونود کھنہ نے فیروز خان کی ہدایت کاری میں بننے والی کامیاب فلم ’دیاون‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ فیروز خان نے خود اس فلم میں معاون کردار ادا کیا۔
ان دونوں بہترین اداکاروں کی کمی بولی وڈ انڈسٹری کو ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔