امپھال :منی پور میں تقریباً 4 ماہ سے تشدد کا بازار گرم ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں ایسا محسوس ہوا تھا کہ حالات معمول پر آ رہے ہیں، لیکن ایک بار پھر دو گروپ کے درمیان گولی باری کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں میں تصادم کی وجہ سے 2 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی صبح بشنوپور ضلع کے کھوئرینٹک کے فٹ ہلز اور چراچندپور ضلع کے چنگفیئی و کھوسابنگ علاقوں میں دو گروپ کے درمیان گولی باری کی اطلاع پولیس کو ملی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ منی پور میں تازہ تشدد کا معاملہ چہارشنبہ کی شام شروع ہوا تھا۔ تصادم کے دوران بم لگنے سے زخمی ہوئے ایک شخص کی موت میزورم کے راستے گوہاٹی لے جاتے وقت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر زخمی شخص کی موت چراچندپور ضلع کے اسپتال میں علاج کے دوران ہوئی۔ چنگفیئی علاقے میں ہوئی گولی باری میں زخمی ہوئے پانچ لوگوں میں سے تین کو چراچندپور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بشنوپور نارائن سینا گاؤں کے پاس منگل کو ہوئے تشدد میں دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ایک کی موت گولی لگنے سے ہوئی تھی جبکہ دوسرے کی موت اپنے ہی بندوق سے نشانہ چوکنے کے سبب ہوئی۔ اس درمیان منی پور پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے ذریعہ سرحدی و حساس علاقوں میں تلاشی مہم چلائی گئی جس میں 5 اسلحے، 31 گولہ بارود، 19 دھماکہ خیز مادہ، آئی ای ڈی مواد کے تین پیکٹ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ پولیس نے اصول کی خلاف ورزی کرنے والے 1646 لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔