مدھیہ پردیش کے سیونی علاقے میں مبینہ گئو رکشکوں کے ہاتھوں ایک خاتون سمیت دو مسلم نوجوانوں کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آٹو میں گوشت لے جا رہے دو نوجوانوں اور ایک خاتون کو ان مبینہ گئو رکشکوں نے لاٹھی۔ ڈنڈوں سے پیٹا ۔
اس واقعہ کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ ملی معلومات کے مطابق، مسلم نوجوانوں کو پیٹنے والا شخص سیونی میں شری رام سینا کا صدر شبھم بگھیل ہے۔ شبھم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بتا دیں کہ حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی میں مبینہ گئو رکشک ایک خاتون سمیت دو مسلم نوجوانوں کو ایک درخت کے ساتھ ایک ایک کرکے باندھ کر لاٹھیوں سے ان کی پٹائی کرتے ہیں۔ متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ انہیں ‘جے شری رام’ کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔
ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ نوجوانوں کو مبینہ گئو رکشک ‘جے شری رام’ کے نعرے بار بار لگانے کو کہتے ہیں اور ایک نوجوان کو ان کے ساتھ خاتون کی پٹائی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے ایک قصوروار کو گرفتار کیا ہے اور دیگر قصورواروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اس واقعہ کا ویڈیو شئیر کر کے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے وزیر اعظم مودی پر نشانہ سادھا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ مودی کے ووٹروں کے ذریعہ پیدا کئے گئے نگرانی کی کمیٹی کے رکن اس طرح کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ اپناتے ہیں۔ نیو انڈیا میں خیرمقدم ہے جو کہ جامع ہو گا اور جیسا کہ پی ایم نے کہا ہے کہ سیکولرزم کا نقاب‘‘۔