چندی گڑھ: ہریانہ حکومت نے اتوار کو ضلع نوح میں موبائیل انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس خدمات کو تین دن کیلئے معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ دو مسلم نوجوانوںجنید اور ناصر کو زندہ جلانے کیخلاف شدید احتجاج کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی اور امن کی خلاف ورزی کے خدشہ پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
یہ پابندیاں 26 تا 28 فروری تک نافذ ہوگی۔ موبائل فون اور ایس ایم ایس پر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، جیسے واٹس ایپ، فیس بک ٹویٹر وغیرہ کے ذریعہ غلط معلومات اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عارضی معطلی عائد کی گئی ہے۔
نوح الور شاہراہ پر احتجاج کے بعد ضلع نوح میں سلسلہ وار احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ پولیس نے ہفتے کے روز ہائی وے کو بلاک کرنے پر 500 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔