ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے ساتھ ہی ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ہندوستانی نژاد وویک راما سوامی اب ٹرمپ کی ایڈوائزری گروپ (ڈی او جی ای) کا حصہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں وہائٹ ہاؤس نے پیر کو بتایا کہ وویک سوامی اب سرکاری ڈی او جی ای کا حصہ نہیں ہیں۔
واضح ہو کہ اپنی وزارت کے انتخاب کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے وویک راما سوامی کو ایلن مسک کے ساتھ مل کر ‘ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ اِفی سی اینسی’ کی قیادت کرنے کے لیے چنا تھا۔
وویک راما سوامی کے استعفیٰ کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی او جی ای کی ترجمان انّا کیلی نے نے کہا کہ سوامی نے محکمہ میں اہم کردار ادا کیا تھا، چونکہ اب انہوں نے اوہایو کے گورنر کے عہدہ کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، اس لیے انہیں اس محکمہ سے باہر ہونا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ کئی جگہ یہ بھی چہ می گوئیاں ہیں کہ راما سوامی نے ایلن مسک کی وجہ سے یہ عہدہ چھوڑا ہے۔
اس دوران وویک راما سوامی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ وہ اوہایو میں اپنے مستقبل کے منصوبہ پر جلد ہی کچھ کہیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے ‘ڈی او جی ای’ بنانے میں اپنی شمولیت پر فخر کا احساس کیا اور ایلن مسک کو کامیابی کے لیے نیک خواہش پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ ایک بار پھر امریکہ کو عظیم بنائیں گے۔
غور طلب ہے کہ ہند-امریکی صنعت کار وویک راما سوامی نے سب سے پہلے صدارتی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے بھی ریپبلکن پارٹی کی طرف سے امیدواری پیش کی تھی۔ حالانہ انہوں نے اب اوہایو کے گورنر کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے صدر عہدہ کی حلف برداری کے کچھ گھنٹوں بعد ہی وویک سوامی کو سرکاری ایڈوائزری گروپ (ڈی او جی ای) سے استعفیٰ دینا پڑا۔
ہندوستانی نسل کے وویک راما سوامی بایو ٹیک کاروبار کے ایک مشہور چہرہ ہیں۔ راما سوامی دواؤں کو تیار کرنے کے لیے بایو ٹیک کمپنی روئیوینٹ سائنسز چلاتے ہیں۔ انہوں نے 2016 کی سب سے بڑی بایو ٹیکنالوجی فرم مایاوینٹ سائنسز کا قیام کیا تھا۔ اپریل میں کمپنی بنانے کے بعد انہوں نے پروسٹیٹ کینسر کی دوا اور خاتون بانجھ پن کی دوا کے لیے ٹکیرا فارمایسوٹیکلس کے ساتھ ایک سودا کیا تھا۔
1985 میں امریکہ کے جنوب مغربی اوہایو کے سنسناتی میں پیدا ہوئے راما سوامی کے والد وی جی راما سوامی بنیادی طور پر کیرالہ کے پلکڑ کے رہنے والے ہیں۔ کیرالہ کے ایک مقامی کالج سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ان کے والد وی جی راما سوامی اوہایو کے ایوینڈل میں جنرل الیٹرک پلانٹ میں کام کرنے گئے۔ وویک کی ماں سنسناتی میں ایک ماہر نفسیات تھیں۔ ان کی اہلیہ اپوروا تیواری راما سوامی اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی ویکسنر میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹر ہیں۔