نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے ملک میں بچے ہوئے ووٹروں کے اندراج اور فرضی ووٹروں کے نام خارج کرنے کے لئے آج سے ایک خصوصی رجسٹریشن مہم شروع کی ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گی۔
کمیشن نے نئے ووٹر کے طور پر 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو شامل کرنے کا خاص ہدف رکھا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک سے زیادہ مقامات پر درج ناموں کو فہرست سے خارج بھی کیا جائے گا۔
کمیشن نے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے ۔ اس مہم کے تحت ہر علاقے میں پولنگ مراکز کے پاس دو روزہ کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ نئے ووٹر اپنے نام کو رجسٹر کرا لیں اور اگر کسی کا نام یا پتہ غلط ہو تو اسے ٹھیک کرا لیں ۔
ووٹر فارم نمبر 6 الیکشن افسر کو آن لائن یا ڈاک سے بھی بھیجا جا سکتا ہے ۔ ووٹرنیشنل ووٹر سروس پورٹل سے یہ فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے ۔ کوئی بھی شخص سنٹر سے ادائیگی کر کے یہ فارم حاصل کر سکتا ہے ۔ کوئی ووٹر اپنے محلے کے کیمپ میں اور آن لائن اس فارم کو جمع کرا سکتا ہے ۔
فوت شدہ ووٹروں کے نام پیدائش اور موت رجسٹریشن دفتر کے دستاویزات کی بنیاد پر ہٹا دیے جائیں گے اور ڈویژن سطح کے افسران گھر گھر جا کر سروے بھی کریں گے ۔