روم: دیوار پر چپکا ہوا کیلا 40 کروڑ روپے سے بھی زیادہ قیمت میں ایک بار پھر فروخت کے لیے تیار ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سوشل میڈیا صارفین ایک بار پھر حیرانی کے سمندر میں غوطہ زن ہیں کہ 5 سال قبل (2019ء میں) دیوار پر چپکے اس کیلے کو 20 ہزار امریکی ڈالرز میں فروخت کیا گیا تھا۔
اب اطالوی مصور کا بنایا گیا یہ شاہ کار نمونہ جو دنیا بھر میں وائرل ہوچکا تھا، ایک بار پھر نیلام گھر کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرتبہ اس دیوار پر چپکے کیلے کو 10 سے 15 لاکھ امریکی ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا۔
گزشتہ فروخت کے وقت اٹلی سے تعلق رکھنے والے مصور نے اس آرٹ ورک کو کامیڈین کا عنوان دیا تھا، جس کے بعد اس بار اس کے خریدار کو ایک ٹیپ کا رول اور ایک کیلا دیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ اسے لگانے کا طریقہ کار بھی بتایا جائے گا۔
پانچ برس قبل امریکی شہر میامی میں ایک میوزیم میں اس فنکار نے اس طرح کے تین کیلے فروخت کے لیے پیش کیے تھے جو مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوئے تھے، تینوں کیلوں کی خاص بات یہی تھی کہ انہیں میوزیم کی دیوار پر ٹیپ سے چپکایا گیا تھا۔
اس مرتبہ اس آرٹ ورک کو دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم نیلام گھر کا دعویٰ ہے کہ اس آرٹ ورک کے موجودہ مالک نے اسے اصل مالک ہی سے خریدا تھا۔