نئی دہلی: وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف مرشد آباد ضلع میں پرتشدد مظاہروں کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔ بنگال کے دیگر اضلاع کے علاوہ مرشد آباد، جنوبی 24 پرگنہ، مالدہ اور ہگلی میں وقف بدامنی کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے میں تین افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وکیل ششانک شیکھر جھا نے اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ وہیں، سپریم کورٹ کے حکم سے مغربی بنگال میں جاری فرقہ وارانہ اور سیاسی تشدد کی تحقیقات کے لیے عدالت کی زیر نگرانی خصوصی تفتیشی ٹیم (SIT) بنانے کی مانگ کی گئی ہے۔
عرضی گزار نے اس سلسلے میں مغربی بنگال حکومت اور مرکزی حکومت کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔
درخواست میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کے ساتھ ساتھ متاثرین کے لیے معاوضے اور بحالی کے حوالے سے مدعا علیہان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
عرضی میں اس وقت متاثرہ افراد کی زندگیوں اور آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مستقبل میں بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے ہدایات بھی مانگی گئی ہیں۔
بی جے پی لیڈر اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبیندو ادھیکاری نے وقف (ترمیمی) ایکٹ پر تشدد کے لئے ترنمول کانگریس پر تنقید کی ہے۔ ان کے مطابق، مرشد آباد میں سازش بنیاد پرستوں کی ہے۔ ترنمول کانگریس انصار اللہ بنگال کی طرح خطرناک ہے۔ 100 کروڑ کی جائیداد کو تباہ کر دیا گیا ہے۔