لاہور: پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم سے حالیہ انٹرویو میں سوال کیا گیا کہ آپ کی نظر میں بہترین نوجوان فاسٹ بولر کون سے ہیں؟۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ پریمیئر بولرز میں مچل اسٹارک، جسپریت بمراہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، وہ اچھی بولنگ کررہے ہیں ان کی بولنگ اسپیڈ میں پہلے کی طرح تیزی آئی ہے جو اچھی بات ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی گہری نظر سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک فاسٹ بولر بہت اچھا ہے جو ابھی پاکستان سے کھیلا نہیں ہے اور اس کا نام علی رضا ہے، اس کا مستقبل بہت روشن ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر علی رضا صحیح ہاتھوں میں گئے تو وہ یہ سمجھ گئے کہ ٹیسٹ کرکٹ بہترین ہے تو وہ وائٹ بال میں خود بخود آجائیں گے۔ واضح رہے کہ 17 سالہ علی رضا نے پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی اور ان کی بولنگ نے سابق کرکٹرز کو بھی متاثر کیا تھا۔ علی رضا نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 21 رنز کے عوض چار وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر این بشپ نے بھی علی رضا کی تعریف کی تھی اور ‘سپر اسٹار ان دی میکنگ’ کہا تھا۔