چنائی سپر کنگز کے آل راؤنڈر شین واٹسن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں فائنل میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی ہے۔
ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں چینئی سپرکنگز نے حیدر آباد سنرائزر کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ انھوں نے حیدرآباد کا 179 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں مکمل کر لیا۔ شین واٹس نے 57 گیندوں پر 117 رنز بنائے۔
چینئی سپر کنگز کے لیے یہ تیسرا آئی پی ایل ٹائٹل ہے۔
چینئی کی جانب سے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فاف ڈوپلسی 10، اور سریش رائنا 32 رہے۔ حیدر آباد کے سٹار بولر راشد خان کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔
چینئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آج جب ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو حیدرآباد کی ٹیم کو میچ کے دوسرے اوور میں ہی پہلا نقصان اس وقت ہوا جب شریوتس گوسوامی پانچ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شکھر دھون تھے جو 26 رنز بنا کر جڈیجا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان کین ولیمسن 47 رنز بنا کر کرن شرما کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی شکیب الحسن تھے جنھوں نے 27 رنز بنائے۔ دیپک ہوڈا صرف تین رنز بنا سکے جبکہ اننگز کی آخری گیند پر براتھ ویٹ کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 21 رنز بنائے۔
چینئی کی جانب سے شردل ٹھاکر، لونگی گدی، کرن شرما، ڈیون براوو، اور روندر جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
چینئی بمقابلہ حیدر آباد
آئی پی ایل 11 کے گروپ مرحلے میں چینئی سپر کنگز اور سن رائزرز حیدر آباد دونوں نے 14 میں سے نو میچ جیتے اور پانچ میں شکست ہوئی۔ اس مرحلے میں ان ٹیموں کا آمنا سامنا دو مرتبہ ہوا اور دونوں بار چینئی فاتح رہی۔ اسی سیزن میں دونوں ٹیموں کا تیسری مرتبہ میچ پلے آف سٹیج پر ہوا جہاں ایک مرتبہ پھر چینئی کامیاب رہی۔
ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا اتورا کے اس فائنل کے بعد آئی پی ایل ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ہے کہ حیدرآباد اور چینئی آمنے سامنے ہیں۔
چینئی کی کپتانی مہندر سنگھ دھونی کر رہے ہیں جو کہ متعدد بار آئی پی ایل کا فائنل کھیل چکے ہیں اور انھیں اس فارمیٹ کا ماہر ترین کپتان مانا جاتا ہے۔
ادھر حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن اس ٹونامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔