لکھنو: اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے جاری ووٹوں کی گنتی کے رجحانوں کے ساتھ ہی بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں میں جشن کا ماحول ہے ۔
پارٹی کے ریاستی دفتر میں بجلی کی جھالریں لگ رہی ہیں، کچھ کارکن پٹاخے پھوڑ رہے ہیں لیکن پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ نے کارکنوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
بی جے پی کے دفتر میں جے شری رام کے نعرے بھی لگ رہے ہیں۔ پارٹی کارکنوں میں زبردست جوش و خروش ہے ۔ بی جے پی کے دفتر کے احاطے میں واقع مندر میں کافی مقدار میں لڈو چڑھائے جارہے ہیں۔ دفتر کے احاطے میں ذرائع ابلاغ کے لوگوں کا ہجوم لگا ہوا ہے ۔ بی جے پی کے لیڈروں کی بھی ٹی وی چینلوں پر جاری بحث میں بیٹھنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے ۔
دوسری طرف ووٹوں کی گنتی کے رجحان کی وجہ سے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور سماج وادی پارٹی کے دفتروں میں سناٹا چھایا ہوا ہے ۔ بی ایس پی کے دفتر میں زیادہ مایوسی نظر آرہی ہے ۔