نئی دہلی،16 جولائی (یواین آئی)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں قبضہ ہٹانے گئے پولیس دستے کے اراکین کے ذریعہ دلت کنبے کے لوگوں کے ساتھ کی گئی بربریت کے وائرل ہوئے ویڈیو پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسی سوچ اور ناانصافی کے خلاف وہ لڑ رہےہیں۔
مسٹر گاندھی نے ایک بیان میں ریاست کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’ہماری لڑائی اسی سوچ اور ناانصافی کے خلاف ہے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے پولیس بربریت کا ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ یہ مدھیہ پردیش کے گنا میں دلت کسان کنبوں کے ساتھ پولیس کے ظلم کا وائرل ہوا ویڈیو ہے۔ویڈیو میں پولیس دستے دلت کنبوں کی خواتین اور بچوں پر ڈنڈے برسا رہے ہیں اور لات گھوسوں سے ان کی پٹائی کررہے ہیں۔