ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے خلاف کسی قسم کی امریکی جارحیت کی گئی تو وہ اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ارسال کردہ خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات ممکنہ فوجی کارروائی کے حقیقی خطرے کی عکاسی کرتے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ ایران جنگ یا کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، تاہم اگر اس پر حملہ کیا گیا تو وہ اپنے دفاع میں سخت اور مؤثر اقدام کرے گا۔ ایرانی مشن نے واضح کیا کہ کسی بھی عسکری کارروائی کی صورت میں خطے میں موجود مخالف قوتوں کے فوجی اڈے، تنصیبات اور دیگر اثاثے جائز ہدف سمجھے جائیں گے۔
خط میں امریکی صدر کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ بھی دیا گیا، جس میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکا ڈیگو گارشیا اور RAF فیئر فورڈ کے ایئر فیلڈز استعمال کر سکتا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ایران نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔