حماس نے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے پر کہا ہے کہ یہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس رہنما عزت الرشیق نے کہا ہے کہ ہم اسرائیلی یرغمالیوں کو نقصان نہ پہنچانے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ جن 6 یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں وہ اپنی ہی فوج کے حملے میں ہلاک ہوئے۔
حماس کے رہنما نے امریکی صدر جوبائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسرائیلی یرغمالیوں کا خیال امریکی صدر سے زیادہ بہتر طریقے سے رکھتے ہیں۔
حماس کے ایک مقامی لیڈر نے کہا کہ یرغمالیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا سمیت دیگر ہمدردوں کو چاہیے کہ اسرائیلی فوج کو اندھا دھند بمباری سے روکیں۔
خیال رہے کہ رفح کی ایک سرنگ سے 6 یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں جن میں ایک امریکی اور ایک روسی نژاد اسرائیلی بھی شامل ہیں۔
امریکی نژاد اسرائیلی کی ہلاکت پر امریکی صدر نے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے حماس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ کی ایک سرنگ سے امریکی سمیت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی یرغمالیوں کی ہلاکت کا الزام حماس پر عائد کرتے ہوئے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ اور مختلف سیاسی گروپس نے اس کا ذمہ دار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹھہراتے ہوئے کل ملک بھر میں حکومت کے خلاف مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔