بنگلور: رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے ہندوؤں کے بشمول تمام طبقات کے افراد کی جانب سے دئے جانے والا چندہ قبول کیا جائے گا۔ ٹرسٹ کے ایک رکن و پیجاور مٹھ کے سربراہ وشیوا پرسناتیرتھ سوامی نے تجویز پیش کی کہ ہر شخص 10 روپے چندہ دیں اور ہر گھر 100 روپے چندہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک تجویز ہے۔ ٹیکس کی طرح نہیں ہوگا۔ تیرتھ سوامی نے بتایا کہ ہم ہر اس شخص کا چندہ قبول کریں گے جو لارڈ رام سے محبت و عقیدت رکھتا ہو۔
واضح رہے کہ اس ٹرسٹ اور مندر کی تعمیر کی نگرانی مرکزی حکومت کے ذمہ ہے۔ 5 اگست کو رام مندر کے سنگ بنیاد کے موقع پر خصوصی پوجا ”بھومی پوجن“تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں بی جے پی کے سینئر وزراء وزیر اعظم نریندر مودی، ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی آر ایس ایس لیڈر موہن بھاگوت، بھیا جی جوشی اور دیگر کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق رام مندر ٹرسٹ کے ایک رکن نے بتایا کہ تمام مذاہب کے روحانی رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے۔
مہاراشٹر چیف منسٹر اودھو ٹھاکرے نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کے آغاز کیلئے بھومی پوجا کوروناوائرس وباء کے پیش نظر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سے بھی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے جس میں لاکھوں افراد کی شرکت کی خواہش ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا لاکھوں رام بھکتوں کو وہاں جانے سے روکا جاسکتا ہے؟