بیجنگ: تائیوان کی صدر سائینگ وین کا کہنا ہے کہ ہم چینی دباؤ کے سامنے جھکے بنا جمہوری طریقے سے اپنا دفاع کریں گے۔
بی بی سی کے مطابق سائینگ وین کا یہ بیان چینی صدر شی جنگ پنگ کی حالیہ اشتعال انگیز تقریر کے بعد سامنے آیا ہے۔ تائیوان کے قومی دن کے موقع پر اپنی تقریر میں ان کا کہنا تھا تائیوان جمہوریت کی پہلی دفاعی لکیر پر کھڑا ہے، ہم جلد بازی میں رد عمل نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تائیوان کو اس بات کے لیے مجبور نہیں کرسکتا جس راستے پر چین ہمیں لے جا نا چاہ رہا ہے اور نا ہی یہ تائیوان کی 23 ملین آبادی کی خود مختاری کے لیے جمہوری راستہ ہے، ہم چین سے برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے ابھی بھی راضی ہیں۔
واضح رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔ جب کہ تائیوان کی سرحد کے نزدیک چین کی فوجی نقل و حرکت، جنگی طیاروں کی پروازیں اور بحری مشقوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔