نئی دہلی 15 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ حملے کے پیش نظر پاکستان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے اور ہم شہیدوں کے خون کی ایک ایک بوند کی قیمت لے کر رہیں گے۔
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو ہری جھنڈی دکھانے سے قبل مسٹر مودی نے دہشت گردانہ حملے میں شہید جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ’’ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ میری اور ہر ہندستانی کی ہمدردی ہے۔سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے۔ہمیں سلامتی دستوں پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے دہشت گرد تنظیموں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ’’وہ بہت بڑی غلطی کرچکے ہیں انہیں اس کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس حملے کے پیچھے جو بھی طاقتیں ہیں انہیں سزا ملے گی‘‘۔
انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا ’’اگر پڑوسی ملک کو لگتا ہے کہ ایسی تباہی مچا کر وہ ہندوستان کو بدحال کر سکتا ہے تو یہ اس کی غلطی ہے۔ 120 کروڑ ہندوستانی ایسی ہر سازش، ہر حملے کا جواب دے گا۔ ایسے حملوں کا ملک ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ یہ ملک ر کنے والا نہیں ہے‘‘۔
مسٹر مودی نے اس حملے کی مذمت کرنے والے ممالک کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ انسانیت پسند قوتوں کو دہشت گردی کے خلاف ہاتھ ملانا ہوگا۔
پلوامہ حملے کے بعد مسٹر مودی کا یہ پہلا عوامی بیان ہے۔ وہ سلامتی امور کی کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد سیدھے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن آئے۔