سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک عراق سے 33 ہزار عازمین حج کی آمد کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا اس سال 20 لاکھ عازمین سعودی عرب میں آئیں گے اور حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
انہوں نے عراق میں حج و عمرہ کے سپریم کمیشن کے سربراہ سا می المسعودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ مملکت کی جانب سے حج اور عمرہ ادا کرنے والوں کو بڑی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ۔جن میں تازہ ترین عازمین حج کی انشورنس ویلیو میں 73فیصد کمی اور عمرہ کرنے والوں کے لیے 63 فیصد کمی ہے۔ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا آغاز کیا گیا تاکہ عازمین کے لیے لاگت کو کم کیا جا سکے، اور انھیں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کیا جا سکے۔
حج و عمرہ کے وزیر نے “جدیدہ عرعرہ ” بندرگاہ میں ہونے والے ترقیاتی عمل کا حوالہ دیا اور بتایا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران جمہوریہ عراق سے 3 لاکھ سے زیادہ عازمین کو وصول کیا گیا۔ انہوں ے کہا عراق سے لوگوں کے حج و عمرہ کے لیے آنے کے رجحان میں اضافہ ہوا۔ متعدد اختیارات اور حل تلاش کئے جارہے ہیں جو عازمین کی آمد کو آسان سے آسان تر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ عراق سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تک سعودی ایئر لائز کے ذریعہ آنے والے کو مفت ٹرانزٹ ویزا دیا جائے گا۔ اس ویزا پر 4 دن کی مدت کے لیے سعودی عرب میں قیام ہوسکتا اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
حج اور عمرہ کے وزیر نے سعودی عرب کی طرف سے تمام عازمین کو بالعموم اور خاص طور پر عراقیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے عمر اور تعداد کی شرائط ختم کردی گئی ہیں۔ عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کردی گئی ہے۔ خواتین کو بغیر محرم آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔