کولکاتا: مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے پاتھر پرتِما میں کل رات ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ اس حادثے میں چار بچوں سمیت کل سات افراد کی موت ہو گئی جب کہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ تاحال اس دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، جانچ جاری ہے۔ اس واقعہ سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق پاتھر پرتما بلاک کے دھولاہٹ گاؤں کے ایک گھر میں رات 9 بجے کے قریب دھماکہ ہوا۔ اس کے بعد گھر میں آگ لگ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کچن میں گیس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ شور سن کر آس پاس کے لوگ وہاں جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے گھر میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
سندربن پولیس ضلع کے ایس پی کوٹیشور راؤ نے بتایا کہ ‘تمام لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ دھماکے میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی ہیں۔ انہیں جائے وقوع سے ریسکیو کر کے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ گھر میں دو گیس سلنڈر تھے اور آگ اندر رکھے پٹاخوں کے جلنے کے بعد پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ ‘صورت حال قابو میں ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے۔
حادثے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ اس واقعے کی جانچ جاری ہے۔ ایک اور اہلکار نے بتایا کہ اس بات کی بھی جانچ کی جائے گی کہ آیا گھر کے اندر پٹاخے بنائے جا رہے تھے۔