سلیکان ویلی: چاہے اسمارٹ فون کا کیمرہ 64 میگا پکسل ہو یا 108 میگا پکسل، واٹس ایپ صارفین ہمیشہ یہی شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ کسی دوسرے کو اپنی ہائی ریزولیشن تصاویر نہیں بھیج سکتے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ اپنے صارفین کی بڑی پریشانی کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور مستقبل قریب میں صارفین ایک دوسرے کو ہائی ریزولیشن کوالٹی میں تصاویر بھیجنے کے اہل ہو جائیں گے۔
ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ واٹس ایپ کے نئے ورژن میں جب کوئی صارف کسی دوسرے کو تصویر بھیجے گا تو اسے تین آپشنز دیے جائیں گے، پہلا آپشن آٹو ہے جس کا انتخاب کرنے پر تصویر درمیانی ریزولیشن میں بھیجی جا سکے گی۔ یہ آپشن واٹس ایپ کی جانب سے تجویز کردہ ہوگا۔
دوسرا آپشن بیسٹ کوالٹی کا ہوگا جس میں صارف تصویر کو اس کی حقیقی ریزولیشن میں بھیج سکے گا جبکہ تیسرے اور آخری آپشن ڈیٹا سیور میں واٹس ایپ تصویر کی ریزولیشن کو خودبخود کم کرے گا۔
خیال رہے واٹس ایپ کا ہائی ریزولیشن تصویر والا فیچر اس وقت بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے دستیاب ہے تاہم اس پر مزید کام کیا جا رہا ہے اور جلد ہی تمام استعمال کنندگان اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
دوسری جانب واٹس ایپ میں اب تک ہائی ریزولوشن ویڈیو فائلز کو بھیجنے کے کمرپسیڈ کرکے چیٹ میں ڈاکومنٹ کے طور پر بھیجنا پڑتا ہے، مگر اب بہت جلد اس میں تبدیلی آنے والی ہے اور صارفین کے لیے ویڈیو کوالٹی کے آپشنر آخرکار دستیاب ہوں گے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس فیچر سے صارفین کو ویڈیو کو سینڈ کرتے ہوئے اس کی ڈیفالٹ کوالٹی بدلنے کی سہولت مل سکے گی۔
اس وقت واٹس ایپ میں ویڈیو پریفرینس بدلنے کی اجازت نہیں اور اس کے باعث بھیجے جانے والی یا ملنے والی ویڈیوز کی کوالٹی بہت خراب ہوتی ہے جبکہ اس نئے فیچر سے صارفین کو ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے 3 آپشن آٹو، بیسٹ کوالٹی اور ڈیٹا سیور ملیں گے۔
واضح رہے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا ابھی کہنا ممکن نہیں کیونکہ ابھی ہی اسے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے پر بھی کام ہوگا، مگر امکان ہے کہ اسی سال کسی وقت اس فیچر کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔