گزشتہ چند ماہ کے دوران واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ صارفین کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہر قسم کی سہولت گھر بیٹھے مل سکے۔
اب دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم میں ایک نیا فیچر میسنجر رومز کی شکل میں متعارف ہونے والا ہے جو فیس بک نے حال ہی میں میسنجر صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔
اس فیچر کو فیس بک نے مقبول ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارمز جیسے زوم، گوگل میٹ، اسکائپ اور دیگر کے مقابلے میں پیش کیا تھا۔
میسنجر میں یہ فیچر اب پاکستان میں دستیاب ہے جس کی مدد سے بیک وقت 50 افراد سے ویڈیو چیٹ کی جاسکتی ہے۔
فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا تاکہ وہ براہ راست فیس بک پر اپنے دوستوں کو گروپ کال کرسکیں۔
یہ فیچر ابھی بھی واٹس ایپ پر کچھ صارفین کو دستیاب ہے جبکہ بہت جلد دنیا بھر میں لوگ اسے استعمال کرسکیں گے۔
استعمال کیسے کریں گے؟
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق میسنجر رومز کا فیچر کچھ واٹس ایپ صارفین کو دستیاب ہے جبکہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژنز میں بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ایک چیٹ اوپن کرکے وہاں روم آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جو نیچے اٹیچمنٹ ٹولز کے آپشنز میں ہوگا۔
اس پر کلک کرنے پر فیس بک میسنجر رومز ونڈو اوپن ہوجائے گی، جس کے بعد صارفین دوستوں کا اضافہ کرکے ویڈیو کال کرسکیں گے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس میں بیک وقت 50 افراد کو کال کی جاسکتی ہے اور یہ مفت ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کئی ہفتے سے آزمایا جارہا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، ویسے اس وقت واٹس ایپ میں آڈیو یا ویڈیو کال میں لوگوں کی تعداد کو حال ہی میں 4 سے بڑھا کر 8 کیا گیا ہے۔