کورونا وائرس کا آغاز چین سے ہوا یا نہیں، عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ آئندہ ہفتے جاری ہوگی
عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کے چین سے آغاز ہونے یا نہ ہونے سے متعلق اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے جاری کرے گا۔
یہ بات عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ترجمان نے آج جنیوا میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔
ادارے کے ترجمان کرسچین لندمئیر نے کہا کہ درحقیقت یہ رپورٹ ابھی تیار نہیں ہے۔
یاد رہے کہ مئی 2020 میں ڈبلیو ایچ او کے ممبران نے ایک قرارداد کے ذریعے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا تھا کہ ادارے کے ماہرین کو اس بات کی تحقیق کیلئے چین بھیجا جائے کہ SARS-coV-2 وائرس جوکہ موجودہ کوویڈ 19 کا سبب بنا ہے وہ چین کے ووہان وائیرولوجی انسٹیٹیوٹ سے نہیں نکلا۔
اس قرارداد کے بعد عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے 4 ہفتے تک چین کا دورہ کرکے اس معاملے کی تحقیقات کی تھیں۔ اس دورے کے فوری بعد اپنی ابتدائی تحقیقات میں ماہرین نے اس خدشے کو مسترد کردیا تھا کہ چین اس وائرس کا سبب ہے۔
عالمی ادارے کے ڈائریکٹر تیدروس ایدھانوم نے 5 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ 15 مارچ کو جاری ہوگی۔ لیکن اب بتایا گیا ہے کہ رپورٹ تیار نہ ہونے کے سبب آئندہ ہفتے جاری کی جائے گی۔