قوت مدافعت کی بات کی جائے تو مضبوط مدافعاتی نظام ہمیں بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور آج کل جو پوری دُنیا میں کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے اِس سے لڑنے کے لیے بھی مضبوط قوت مدافعت ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ماہرین کہتے ہیں کہ جس کا مدافعاتی نظام مضبوط ہوگا وہ با آسانی اِس عالمی وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گا۔
مضبوط قوت مدافعت کے لیے ہم ورزش کرتےہیں، نیند پوری کرتے ہیں، ذہنی دباؤ نہیں لیتے اور سب سے اہم غذائیت سے بھرپور خوراک لیتے ہیں جیسے وٹامن سی وغیرہ لیکن یہاں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے مضبوط قوت مدافعت کا تعلق صرف وٹامن سی والی غذائیوں سے نہیں ہے بلکہ ہم دیگر غذاؤں سے بھی اپنا مدافعاتی نظام مضبوط بنا سکتے ہیں، ایسی غذائیں لیں جن میں آئرن، وٹامن اے، ڈی اور ای ہو، پروٹین اور اینٹی آکسیڈینٹ وغیرہ ہوں۔
وٹامن ای حاصل کرنے کے لیے روزانہ مُٹھی بھر کر گری دار میوے کھائیں جیسے اخروٹ، بادام ،پستے وغیرہ۔ ان کے استعمال سے ہمارے جسم کی زائد چربی کم ہوگی اور ہمیں طاقت بھی ملے گی۔
کھانوں میں ادرک، لہسن، ہلدی، تلسی، کالی مرچ، شہد اور ٹماٹر کا باقاعدگی سے استعمال کریں یہ تمام چیزیں اپنی اپنی خصوصیات کے حساب سے ہمارے مدافعاتی نظام کو مضبوط بنائیں گی۔
روزانہ 2 کھانے کے چمچ کسی بھی قسم کے بیچ کھالیں جیسےکلونجی، سورج مکھی کے بیچ وغیرہ۔ سبزی اور پھلوں میں شکرکندی،کدو، گاجر، آم، پپیتا کو لازمی اپنی روز مرہ کی غذا میں شامل کریں۔ سمندری غذائیں جیسے مچھلی اور جھینگے وغیرہ کو ہفتے میں 2 بار اپنی خوراک میں شامل کریں۔ ہفتے میں 3 سے 4 مرتبہ ہرے پتوں والی سبزیوں کا استعمال کریں۔
پروٹین سے بھر پور غذائیں لیں جیسے مرغی، انڈے، مشروم اور لیموں وغیرہ، یہ تمام چیزیں ہمیں ناصرف پروٹین دیتی ہیں بلکہ ہمارا مدافعاتی نظام بھی مضبوط کرتی ہیں۔
آپ روزانہ کھانا پکاتے وقت اُس میں لونگ، سُوکھی ادرک، دار چینی اور ثابت دھنیا لازمی ڈالیں۔موسمی پھلوں اور موسمی سبزیوں کا استعمال کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔