واشنگٹن میں گاڑی وائٹ ہاؤس کی رکاوٹ سے جاٹکرائی جس کے بعد وائٹ ہاوس بند کر دیا گیاجبکہ گاڑی میں سوار خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہائوس کے قریب ایک منی وین سیکورٹی رکاوٹ سے ٹکرا گئی جس کے باعث وائٹ ہاوس کو بند کر دیا گیا کیوں کہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر اور آسٹریلوی وزیراعظم موجود تھے۔
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی نے وائٹ ہاؤس کا سیکورٹی حصار نہیں توڑا جبکہ گاڑی میں ایک ہی مسافر سوار تھا۔
سیکرٹ سروس کے مطابق گاڑی ٹکرانے کے واقعہ میں کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا۔
عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم پولیس نے فائرنگ کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پولیس اور سیکرٹ سروس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے جبکہ منی وین کے پچھلے حصے پر امریکی جھنڈا لگا ہوا تھا۔