جے پور: فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کی مخالفت کررہی تنظیم راجپوت کرنی سینا نے 27جنوری کو چتوڑ گڑھ میں راجپوتوں کا مہا کنبھ بلایا ہے ۔راجپوت کرنی سینا کے سربراہ لیڈر لوکیندر سنگھ کالوی نے صحافیوں کو بتایا کہ فلم پدماوتی پر مکمل طورپر پابندی لگانے کے لئے وزیراعظم سے مطالبہ کیاگیا ہے ۔
اس فلم کو کئی کٹ اور گھومر ڈانس کو ہٹاکر ریلیز کرنے کی خبروں کے درمیان مسٹرکالوی نے کہا کہ ہماری تکلیف کو فروخت کرکے پیسہ کمانے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم بنانے والوں کا یہ دھندا ہوگیا ہے کہ تاریخ کے کسی بھی موضوع پر فلم بناکر تنازعہ پیدا کردو،اس سے فلم کی تشہیر پر خرچ ہونے والا پیسہ بچ جاتا ہے اور فلم پیسہ کمانے لائق ہو جاتی ہے ۔اب یہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم ساز ملک کی تاریخ میں موجودبہادری اور شجاعت کو دکھائیں نہ کہ اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں،اس کے لئے کہانی پر پہلے سے بحث کی جانی چاہئے ۔مسٹر کالوی نے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے جن لوگوں کو بلاکر فلم کی اسکریننگ کروائی ہے وہ ہمارے نمائندے نہیں تھے ۔اس کے لئے سینسر بورڈ کو ایک آئینی کمیٹی تشکیل دینی چاہئے تاکہ مستقبل میں ہندوستان کی شاندار تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ چتوڑ گڑھ میں راجپوت اس فلم پر پابندی لگانے کی لڑائی پر آر پار کا فیصلہ کریں گے ۔ریاست میں ضمنی انتخابات کی تاریخ سے دوروز پہلے راجپوتوں کے مہا کنبھ کا انعقاد سیاسی فائدے کے لئے کرنے کے سوال پر مسٹر کالوی نے کہا کہ یہ قدم راجپوت سماج کی آن بان کی حفاظت کے لئے ہے ۔