بنگلہ دیش نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ملک بھر میں مزید 50 ماڈل مساجد تعمیر کی ہیں۔ یہ اقدام ملک بھر میں کل 564 “ماڈل مساجد اور اسلامی ثقافتی مراکز” کی تعمیر کے حکومتی منصوبے کا حصہ ہے۔
اس منصوبے پر تقریباً 1 بلین ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اب تک کل 200 مساجد تعمیر اور افتتاح ہو چکی ہیں۔ پہلا مرحلہ 10 جون 2021 کو، دوسرا مرحلہ 16 جنوری 2023 کو، تیسرا مرحلہ 16 مارچ 2023 کو اور چوتھا مرحلہ 17 اپریل 2023 کو تھا۔
ہر مرحلے میں وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے مختلف کونوں اور حصوں میں 50 ماڈل مساجد کا افتتاح کیا۔ باقی ماندہ ماڈل مساجد اور اسلامی ثقافتی مراکز کی تعمیر جون 2024 تک مکمل ہونے والی ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کراچی میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر، ایس ایم محبوب عالم نے ذکر کیا کہ شیخ مجیب الرحمٰن اسلام کے لیے وقف تھے۔
متعدد اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے عالم نے کہا: “شیخ مجیب الرحمان نے اسلامک فاؤنڈیشن قائم کی، بنگلہ دیش میں اجتماع کے انعقاد کے لیے اقدامات کیے اور متعدد مساجد کے لیے زمینیں مختص کیں۔” ان کے مطابق اسلام کی عظیم روح سے متاثر ہوکر اور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیراعظم حسینہ کو ان ماڈل مساجد کی تعمیر کا خیال آیا ہے۔