شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے اپنی بیٹی کے نام ’لیلیبیٹ ڈیانا‘ رکھنے کی وجہ اور اس نام کا مطلب بتا دیا ہے۔ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے اپنی بیٹی کا نام ’لیلی‘ ملکہ الزبتھ دوم اور آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا سے بے پناہ محبت کی وجہ سے رکھا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شاہی جوڑے نے بتایا کہ ’ان کی دادی یعنی ملکہ برطانیہ کو شاہی خاندان میں پیار سے لیلی کہہ کر پکارا جاتا ہے اس لیے انہوں نے اپنی دادی کے نام پر اپنی بیٹی کا نام رکھا ہے۔‘
شاہی جوڑے نے بیٹی کا درمیانی نام ڈیانا رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتخاب ہم نے اپنی بیٹی کی پیاری آنجہانی دادی پرنسز آف ویلز ڈیانا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا ہے۔‘
لیلیبیٹ جو ملکہ کا عرفی نام ہے، اس کا مطلب ہے ’خدا کا وعدہ۔‘
اس خوشی کے موقع پر ملکہ برطانیہ نے بھی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو مبارکباد دی ہے جبکہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچزآف کارن وال بھی اس خبر سے خوش ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کے ہاں بیٹی کی پیدائش
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی بیٹی لیلیبیٹ ڈیانا ماؤنٹبیٹن۔ونڈسر کی پیدائش جمعہ کو سانتا باربرا کاٹیج اسپتال کیلی فورنیا میں ہوئی، اس موقع پر پرنس ہیری اسپتال میں موجود تھے۔