کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دورانملکہ برطانیہ ایلزبیتھ دوم نے 7 ماہ میں پہلی مرتبہ عوامی دورہ کیا جہاں ان کے ساتھ شہزادہ ولیم بھی موجود تھے تاہم دونوں ماسک کے بغیر دکھائی دیے جس پر برطانوی عوام حیران ہے کہ انہوں نے آخر ماسک کیوں نہیں پہنا تھا۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق سیلسبری کے قریب ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیبارٹری کےدورے کے دوران کچھ لوگوں نے ملکہ برطانیہ کو پہلی مرتبہ ماسک پہنے ہوئے دیکھنے کی توقع کی تھی۔
تاہم جب وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں پہنچیں تو انہوں نے ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔
شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ ملکہ الزبتھی نے یہ فیصلہ اپنی میڈیکل ٹیم سے بات کرنے کے بعد کیا۔
شاہی ذرائع نے مرر آن لائن کو بتایا کہ میڈیکل ٹیم اور متعلقہ پارٹیز سے دورے سے متعلق خصوصی ہدایات لی گئی اور ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیبارٹری کے ساتھ مل کر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
دورے کے دوران ملکہ برطانیہ اور شہزادہ ولیم سے رابطے میں رہنے والے تمام 48 افراد کا کووڈ – 19 کا ٹیسٹ ان کی آمد سے قبل لیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔
ملکہ برطانیہ کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر تبصرہ کرنے والوں میں شاہی مبصر اومد اسکوبی بھی شامل ہیں جو میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی بائیوگرافی فائنڈنگ فریڈم کے شریک مصنف بھی ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹ کی جبکہ سمجھدار اور محفوظ احتیاط واضح طور پر کی گئی تھی لیکن میں پریشان ہوں کہ تصاویر/ ویڈیوز دیکھنے والوں کو اس کا پس منظر معلوم نہیں ہوگا۔
ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب برطانیہ کا اکثر حصہ سخت پابندیوں میں داخل ہورہا ہے لیڈرز کو ماسک پہنے دیکھنے کا ٹھوس اثر پڑتا۔
دورے کے دوران ملکہ برطانیہ اور شہزادہ ولیم نے سماجی دوری کے قواعد پر سختی سے عمل کیا، اور اس چیز کو یقینی بنایا کہ وہ دیگر افراد اور ایک دوسرے سے ہر وقت 2 میٹر کے فاصلے پر رہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے احتیاط کے پیش نظر اس سال ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ دوئم نے اپنی سالگرہ سادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا اور اس بار ان کے لیے کسی بھی عوامی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر انہوں نے پہلے ہی عوام اور حکومت کو خصوصی انتظامات کرنے کا کہا تھا اور انہوں نے پہلی بار کسی بیماری کے پیش نظر خصوصی خطاب بھی کیا تھا۔
ملکہ برطانیہ نے چند دن قبل قوم سے اپنے خصوصی اور اپنی زندگی کے اب تک چوتھے خطاب میں عوام کو کہا تھا کہ برطانوی حکومت، محکمہ صحت کے ملازمین اور عوام ضرور کورونا کو شکست دیں گے۔
ملکہ برطانیہ نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل ہی شاہی محل بھی چھوڑ دیا تھا اور وہ دوسرے شاہی محل ونڈرسر منتقل ہوگئی تھیں۔
علاوہ ازیں ملکہ برطانیہ کے بیٹے شہزادہ چارلس کو کورونا ہوگیا تھا تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔