کیلی فورنیا: کُتے، چوہے یہاں تک کہ چیونٹیاں اور دیگر جانور اپنے چوٹ لگنے کے نتیجے میں اپنے زخموں کو چاٹتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے انہیں کیا فائدہ حاصل ہوتا ہے؟
اس کا جواب بڑی حد تک خود کو سکون پہنچانے میں اور تھوک میں موجود شفا بخش خصوصیات میں مضمر ہے۔ کیلی فورنیا یونیورسٹی، امریکا کے ایک ریٹائرڈ جانوروں کے ڈاکٹر پروفیسر بنجمن ہارٹ کہتے ہیں کہ جانوروں میں زخم چاٹنے کا عمل قدرتی طور پر ان میں پایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ بہت ممکن ہے کہ چاٹنے سے ان جانوروں میں جلن اور درد کم ہوتا ہو اور زخموں کو تیزی سے مندمل ہونے میں بھی مدد ملتی ہو تاہم کتوں اور دوسرے پالتو جانوروں میں یہ جبلت نقصان دہ بھی بن سکتی ہے خاص طور پر جب زخموں کے بہتر علاج دستیاب ہوں۔
اسی طرح مینیسوٹا یونیورسٹی میں جانوروں کی ڈاکٹر اور اُن کے رویے کی ماہر کرسٹی فلن نے کہا کہ چونکہ جانوروں کے پاس ہماری طرح انگلیاں یا ادویات دستیاب نہیں ہیں اس لیے ’چاٹنا ‘ ان کے پاس شاید سب سے بہتر طریقہ ہے۔
فلن نے کہا کہ چاٹنے سے زخم سے گردوغبار، گندگی یا خراب جلد کے حصوں کو ہٹایا جا سکتا ہے جبکہ زخم کو کم تکلیف دہ بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
فلن کا مزید کہنا تھا کہ جب درد محسوس ہوتا ہے تو متاثرہ جگہ کو سکون دینے کی کوشش کرنا ایک فطری رجحان ہے جسکے لیے جانور یہ مخصوص عمل اپناتے ہیں۔