بالی ووڈ کی سپر اسٹار اداکارہ کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے نام کے ساتھ خاندان کا نام لگانا کیوں پسند نہیں کرتیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کاجول نے بتایا کہ وہ ایک ایسے خاندان سے ہیں جس کا بالی ووڈ سے کئی برسوں سے تعلق رہا ہے اس لئے انہوں نے اپنے خاندان کی میراث کے دباؤ سے بچنے کے لیے ایسا کیا۔
مائی نیم از خان کی اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ انڈسٹری میں داخل ہو رہی تھیں، ان کی والدہ اور لیجنڈ اداکارہ تنوجا نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ ان کی بالی ووڈ میں والدہ سمیت دادی اور دادا کی طرف سے بھی لیگیسی ہے جس کا کاجول پر دباؤ ہوسکتا ہے۔
کاجول نے کہا کہ ’لیکن تب بھی، اور اب بھی، میں نے محسوس کیا ہے کہ میں کسی کا ساتھ نام نہیں لینا چاہتی اور اپنے خاندان کا نام استعمال نہیں کرنا چاہتی اس لئے میں نے سوچا کی آگر میں صرف کاجول کے نام سے جانی جاؤں، تو شاید اتنا دباؤ نہیں آئے گا مجھ پر اور میری اپنی ایک پہچان ہوگی‘۔
یاد رہے کہ کاجول بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ تنوجا اور فلم ڈائریکٹر شومو مکھرجی کی بیٹی ہیں۔ کاجول جلد وشال فوریا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ماں‘ میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم 27 جون 2025 کو تھیٹرز میں ریلیز ہوگی۔