اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے کہا ہے کہ بجٹ کٹوتی درست سمت میں ایک بڑا قدم ہے، کسی کو امریکی عوام کی سخاوت کا ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے، اقوام متحدہ کی ناکامیاں اور شاہ خرچیاں سب جانتے ہیں اس لیے اقوام متحدہ کے بجٹ میں 285 ملین ڈالرز کم کیے جارہے ہیں۔
یہ کٹوتی اقوام متحدہ کے نئے بجٹ برائے سال 19-2018ء میں کی گئی ہے ، اقوام متحدہ کے اجلاس میں اگلے دو برس کے لیے 5ارب 39 کروڑ 60 لاکھ روپے کا بجٹ پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا اقوام متحدہ کو فنڈ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے جو مجموعی بجٹ کا 22 فیصد فراہم کرتا ہے جب کہ بقیہ بجٹ دنیا بھر کے دیگر ارکان ممالک پورا کرتے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور دھمکی دی تھی کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں امریکی فیصلے کے خلاف ووٹ دینے والوں کی امداد بند کردی جائے گی۔ اور انہوں نے اس دھمکی پر عمل کرتے ہوئے سب سے پہلے اقوام متحدہ کی امداد میں کٹوتی کر کے اقوام متحدہ کو یہ درس دینے کی کوشش کی امریکہ کے ہر فیصلے کو من و عن قبول کیا جائے بصورت دیگر امداد سے ہاتھ دھو لیا جائے۔