ملتزم کو خانہ کعبہ کا ایک حصّہ اور مسجد حرام کی ایک اہم علامت شمار کیا جاتا ہے۔ ملتزم حجر اسود اور خانہ کعبہ کے دروازے کے درمیان مشرقی دیوار کا ایک حصہ ہے۔ بعض کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملتزم خانہ کعبہ کی پوری مشرقی دیوار ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کی رپورٹ کے مطابق “ملتزم” کا نام عربی زبان کے فعل “التزم” سے نکلا ہے جس کا معنی پابندی کرنا ہے۔ چوں کہ اس مقام کی پابندی مقصود ہوتی ہے لہذا یہ “ملتزم” ہے۔
فقہاء نے ملتزم پر آ کر دعا کی شرعی حیثیت بیان کی ہے۔ بندہ یہاں پر آ کر اپنا سينہ اور چہرہ اور بازو اور ہتھيلياں رکھے اور اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کر اپنی دینی اور دنیاوی ضروریات کا سوال کرے۔ اگر چاہے تو حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے منقول یہ دعا پڑھے:
“اللهم إني عبدك وابن عبدك وابن أمتك حملتني على ما سخرت لي من خلقك وسيرتني في بلادك حتى بلغتني بفضلك بيتك، وأعنتني على أداء نسكي، اللهم فإن كنت قد رضيت عني فازداد عني رضا، وإلا فمن الآن فارضى عني قبل أن تنأ عن بيتك داري، فهذا أوان انصرافي غير مستبدل بك ولا ببيتك الحرام، اللهم أصحبني العافية في بدني والصحة في جسمي، وأعني على طاعتك وعبادتك ما حييت، وأسألك من خيري الدنيا والآخرة”۔