شادی سے دور بھاگنے والے دبنگ خان بولی وڈ کے سب سے ‘دلکش کنوارے’ مانے جاتے ہیں لیکن اُن کے قریبی دوست اور ساتھی اداکار عامر خان کو یقین ہے کہ وہ سلمان خان کو شادی پر قائل کرلیں گے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران عامر خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ سلمان کو شادی کرنے پر راضی کرلیں گے، جس پر عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ بات کہی ضرور ہے، لیکن ایسی کوئی کوشش ابھی تک نہیں کی۔
عامر کے مطابق ’میں نے صرف ایک بار یہ بات کہی تھی، لیکن ایسی کوئی کوشش کبھی نہیں کی، اگر میں اپنی مکمل کوشش کروں تو مجھے یقین ہے کہ میں اس میں ضرور کامیاب ہوں گا اور سلمان کو شادی پر قائل کرلوں گا‘۔
عامر خان نے سلمان کی آنے والی فلم ’سلطان‘ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان ایک پہلوان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان بھی اپنی آنے والی فلم ’دنگل‘ میں مہاویر پھوگٹ نامی ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ عید پر جبکہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ رواں سال کرسمس پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔