لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادونے کہاکہ بی جے پی حکومت میںخواتین کے ساتھ سب سے زیادہ ناانصافی اور استحصال ہورہا ہے۔ اترپردیش میں خواتین غیر محفوظ ہیں،ہردن خواتین کے ساتھ بڑے پیمانہ پر ناانصافی اور استحصال کی خبریں سامنے آتی ہیں۔مسٹر یادونے کہاکہ خواتین کا وقار بچانا ہے تو بی جے پی کو اقتدار سے ہٹاناہوگا۔
سماجوادی خواتین تنظیم پارلیمانی الیکشن میں پوری مضبوطی سے ہربوتھ سطح پر سماجوادی پارٹی کو کامیابی دلانے کےلئے پوری طاقت سے کام کرے گی۔جمعرات کو ایس پی ریاستی ہیڈ کوارٹر میں سماجوادی مہیلا سبھاکی قومی و ریاستی عہدیداروں کے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادونے کہا کہ بی جے پی حکومت میں منی پور میں خواتین کے ساتھ بڑا سنگین واقعہ رونما ہوا۔ظلم ہوا لیکن خواتین کو انصاف نہیں ملا،بی جے پی سے کسی کو بھی انصاف کی امید نہیں کرناچاہئے۔
ا کھلیش نے کہاکہ سب سے زیادہ غیر برابری کاسامنا خواتین کو کرناپڑتاہے،سماجوادی مہیلا تنظیم خواتین کے درمیان جاکر سماجوادی حکومت کے ذریعہ کئے گئے کاموں اور پارٹی کی پالیسیوں کے سلسلہ میں خواتین کے درمیان جائے گی۔
سماجوادی حکومت میں خواتین کیلئے 1090 سروس شروع کی گئی تھی،اس کی ستائش سپریم کورٹ نےبھی کی تھی اور کہا تھا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے ایسی سروس پورے ملک میں نافذ ہونا چاہئے۔ مسٹر یادو نے کہاکہ سماجودای پارٹی کی حکومت میں حاملہ خواتین کیلئے 102 ایمبولینس سروس شروع کی گئی تھی،نیوٹریشن مشن شروع کیاگیا تھا ،سماجوادی پنشن اسکیم نافذ کی گئی تھی، خواتین کو رانی لکشمی بائی اعزاز دینے کاکام کیا جارہاتھا،لیکن بی جے پی حکومت نے خواتین سے وابستہ ان سبھی اسکیموں کو بند کردیا۔
انہوںنے کہاکہ ایس پی حکومت دوبارہ اقتدار میں آتی توخواتین کو ہرماہ 3000 روپئے پنشن دی جاتی۔اجلاس میں ایس پی نے تجویز منظور کی کہ جب بھی ایس پی حکومت اقتدار میں آئے گی تو خواتین کو 3000ہزارروپئے فی ماہ پنشن دی جائے گی۔اکھلیش نے کہاکہ جوخواتین وندن کی بات کرتی تھیںان کی حکومت میں خواتین پہلوانوں کے ساتھ جس طرح کی ناانصافی ہوئی اسے پورے ملک نے دیکھا۔
انہوںنے کہاکہ بی جے پی حکومت صرف جھوٹے وعدے کرتی ہے ،اسمارٹ سٹی سے لے کر کسانوں تک کے درمیان کیاگیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔اترپردیش میں ایک بھی شہر اسمارٹ نہیں بن پایا، کسان کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی،ہرگھر میں بے روزگار نوجوان بیٹھے ہیں، مہنگائی ،بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ سماجوادی پارٹی کا اتحاد بی جے پی کو ریاست کی سبھی ۸۰سیٹوں پر شکست دے گا۔
اجلاس میں سماجوادی مہیلا سبھاکی قومی صدر جوہی سنگھ، ریاستی صدرریبو شریواستو،سابق ایم ایل سی ڈاکٹر مدھو گپتا اور کانتی سنگھ، خواتین کمیشن کی سابق صدر زرینہ عثمانی، سابق رکن پارلیمنٹ کنک لتا سنگھ،رکن اسمبلی ناظرہ سلطان ، سابق میئر امیدوار میراوردھن، سابق ایم ایل سی لیلاوتی کشواہا،سابق رکن اسمبلی غزالہ لاری، نیہایادو، وندناچترویدی، سابق ریاستی صدر گیتا سنگھ،ناہید لاری خان، نکہت صدیقی، ندھی یادو، سمیہ رانا،شریا ورما،چنتادیوی، روبی خان، گیتا پانڈے، سریا صدیقی،نیلم روملاسنگھ، ترپتی اوستھی، جیوتی میسی،آشا کشواہا سمیت بڑی تعداد میں خواتین عہدیدار موجود تھیں۔