اسٹاک ہوم: آج کی تیز رفتار دنیا میں ہر کمپنی میں کوئی باس یا انچارج ضرور ہوتا ہے لیکن سویڈن کی ایک کمپنی ایسی ہے جو ترقی بھی کررہی ہے لیکن اس میں کوئی کسی کو حکم دینے والے نہیں۔
اس سافٹ ویئر کمپنی میں کوئی بھی شخص باس نہیں بلکہ سارے ملازمین مل جل کر کام کرتے ہیں۔ کرسپ، ایک سافٹ ویئر مشاورتی ادارہ ہے جو باس کے بغیر دنیا بھر میں مقبول ہے۔ کام بہتر بنانے کے لیے کمپنی نے ہر قدم اُٹھایا، یعنی پہلے ایک سی ای او رکھا گیا، پھر ہرسال سی ای او کو بدلنے کا تجربہ کیا گیا اور آخرکار سب نے مشورہ کرکے یہ عہدہ ہی ختم کردیا۔
کمپنی کے سافٹ ویئر ڈویلپرکا کہنا ہے ایک دن انہوں نے سوچا کہ کسی ادارے کا باس ’’سی ای او‘‘ کیا کام انجام دیتا ہے؟ جب اس کی تفصیل سامنے آئی تو معلوم ہوا کہ ہم میں سے ہر سی ای او جیسا کام کرتا رہا ہے جس کے بعد کمپنی کے نگراں کا عہدہ ختم کردیا گیا۔
لیکن ملازمین کے باہمی الجھاؤ اور اعلیٰ معاملات کا مسئلہ اپنی جگہ موجود تھا تاہم 40 ملازمین نے مل جل کر اس کا حل نکالا اور وہ پہلے سے زیادہ متحرک ، پرجوش اور ذمے دار ہوگئے۔ پھر باس کی عدم موجودگی میں ملازمین کا باہمی رابطہ بڑھا اور اس کا اثر کارکردگی پر بھی ہوا۔
ملازمین کا کہنا ہےکہ یہ کمپنی ان کے لیے ایک گھر ہے اور یہاں کے ملازمین ایک خاندان کی طرح کام کرتے ہیں اور وہ بالکل اسی طرح کام کرتے ہیں جس طرح اپنے گھر میں تنازعہ نہیں چاہتے۔
کمپنی سال میں پورے اسٹاف کی 2 سے 3 میٹنگ کرتی ہے جو 4 روز تک جاری رہتی ہیں۔ ان میں مقام تبدیل کرنے جیسے بڑے اور ضروری فیصلے کیے جاتے ہیں۔ لیکن عموماً کمپنی کا ہرملازم اپنی جانب سے اچھا فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے تاہم سویڈن میں کمپنی کا بورڈ ایک قانونی ضرورت ہے اور وہ بھی مشاورت سے بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ملازمین اپنے صارفین اور کلائنٹس سے بہتر اور فوری رابطہ رکھتے ہیں اس سے کمپنی کی ساکھ بڑھی ہے اور اسے 5 میں سے 4.1 نمبر دیئے گئے ہیں۔