سینٹ ہیلینا: جوناتھن ایک کچھوے کا نام ہے اورگینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس کی عمر 187 برس ہے۔بحرِ اوقیانوس کے جنوب میں برطانوی زیرِ انتظام سینٹ ہیلینا اور ملحق جزائر میں موجود یہ کچھوا 1832 میں پیدا ہوا تھا اور اس نسل کے کچھوے زیادہ سے زیادہ 150 سال تک زندہ رہتے ہیں لیکن اس کچھوے نے زندہ رہنے کا ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اسے اب خشکی کا سب سے بزرگ جانور قرار دیا گیا ہے۔
اس طرح کچھوا 39 امریکی صدور کی آمدورفت، دو عالمی جنگیں اور بلب کی ایجاد کا عہد دیکھ چکا ہے۔ اسے 1882 میں سینٹ ہیلینا جزائر پر لایا گیا تھا اور اس وقت کچھوے کی عمر 50 برس تھی۔ سمندر پار برطانوی مملکت کے گورنر ولیم گرے ولسن کو یہ بطور تحفے میں دیا گیا تھا اور اب تک گورنر ہاؤس میں ہی رہتا ہے۔
لیکن اس بڑھاپے کی وجہ سے اس کی دونوں آنکھوں میں موتیا آگیا ہے اور یہ قریب قریب نابینا ہوچکا ہے اور سونگھنے کی حس کھوچکا ہے۔ جانوروں کے خاص ماہرین اس کے لیے پھلوں اورسبزیوں کا خاص اہتمام کرتے ہیں اور اس کی صحت کا خیال بھی رکھتے ہیں۔
اس کے تین اور بھی کچھوے دوست ہیں جن کا نام ڈیوڈ، ایما اور فریڈ ہیں۔ اس سے قبل ایک اور کچھوا 188 سال کی عمر کو پہنچا تھا جو 1995 میں مرگیا تھا۔