دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ آج بدھ کے روز تک کووِڈ انیس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں بھی سوا لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں۔ اس وائرس کے پھیلاؤ کے اعتبار سے امریکا سرفہرست ہے، جہاں چھ لاکھ چودہ ہزار دو سو چھیالیس افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ وہاں اب تک چھبیس ہزار چونسٹھ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ اسپین میں قریب پونے دو لاکھ افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی وجہ سے مزید گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد اس وائرس کی وجہ سے مجموعی ہلاکتیں سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔









