لکھنؤ(نامہ نگار) ۔ڈاسنا جیل میں بند کروڑوں کی بدعنوانی کے ملزم یادوسنگھ کے خلاف منگل کو راشٹریہ لوک دل نے حضرت گنج واقع مہاتماگاندھی پارک میںاحتجاج کیا۔ مظاہرین نے ریاستی حکومت پرسنگھ کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے نعرہ بازی کی ساتھ ہی یادو سنگھ ڈائری میں ملے ناموں کو ظاہرکرکے کارروائی کا مطالبہ کیا۔دن بھرچلے احتجاج کے بعد کارکنوںنے وزیراعظم کے نام ضلع انتظامیہ کے افسر کو عرضداشت دے کر احتجاج کیا۔
راشٹریہ لوک دل کے صدرمناسنگھ چوہان نے کہاکہ نوئیڈا پرادھیکرن کے سابق چیف انجینئر یادوسنگھ نے بدعنوانی کی ساری حدیں پار کرکے ریاست کو کھوکھلاکرنے کاکام کیاہے انہوںنے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ سماج وادی حکومت نے یادوسنگھ کو تحفظ دیتے ہوئے ہائی کورٹ سے معاملہ کی سی بی آئی تحقیق کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ تک میں صدابلند کی لیکن حکومت بیک فٹ پر آگئی اب یادوسنگھ کی سی بی آئی جانچ کے دوران اس کی ڈائری اور نجی دستاویز میں اترپردیش کے اقتدار پر قابض پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ دیگر سیاسی شخصیتوں اوربدعنوان افسروں کے نام بھی ظاہرہورہے ہیں جسے عوام کے سامنے لایا جانا ضروری ہے جس سے عوام کی خون پسینہ کی کمائی کا غلط استعمال کرنے والے بدعنوانوں کے چہرے بے نقاب ہوسکیں اور اس بلیک منی کو ضبط کرکے ریاستی شہریوں کے مفاد میں صرف کیاجاسکے۔
راشٹریہ لوک دل رہنماؤں نے آگاہ کیاکہ اگر حکومت نے اپنا رویہ نہیں تبدیل کیا تو آرپار کی لڑائی پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر مولانا نجم الدین،حاجی وسیم حیدر،یگیہ دت شکلا،کرن سنگھ شامل رہے۔