چتوڑ گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی کی بیوی یشودا بین آج ایک سڑک حادثے میں بال بال بچ گئیں جبکہ ان کے ایک گارڈ کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔
متعلقہ افسر راکیش راجورا نے بتایا کہ محترمہ یشودا بین کل اپنے گارڈ اور اپنے کزن کے ساتھ ضلع باراں کے اٹرو میں منعقد ہ شادی کی تقریب میں حصہ لے کر گاڑی سے احمدآباد واپس لوٹ رہی تھیں کہ علاقہ کے کاٹودا موڑ کے نزدیک ان کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے ان کے گارڈ اور کزن زخمی ہو گئے ۔
زخمیوں کو پولیس نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے بسنت بھائی کو مردہ قرار دے دیا جبکہ یشودابین اور ایک دوسرے کو چتوڑ گڑھ ریفرکر دیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے زخمی شخص کو بھرتی کر لیا۔ محترمہ یشودابین کو کوئی چوٹ نہیں آئی لیکن وہ حادثے سے گھبراہٹ میں آ گئی تھیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بی جے پی ضلع صدر و دیگر عہدیداروں نے اسپتال پہنچ کر ان کی حالت دریافت کی اور پارٹی کے اعلی عہدیداروں کو واقعہ کی اطلاع دی۔ پارسولي پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔