احمدآباد ۔سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج کہا کہ عوام کو وزیراعظم نریندر مودی کو بخشنا نہیں چاہئے اور ان کی حکومت کو 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے۔ وہ ونتھلی (گجرات) میں کاشتکاروں کے جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام رہی ہے۔ ہر شخص مصائب کا شکار ہے چاہے کاشتکار ہوں، نوجوانوں ہوں، خواتین ہوں یا دلت۔ صرف نئے نئے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ اس لئے آئندہ انتخابات میں اس حکومت کو شکست دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بی جے پی کا ایک حصہ ہونے کی معذرت خواہی کی اور کہا کہ جب یہ انتخابی وعدے کئے گئے تھے وہ بی جے پی میں شامل تھے لیکن اب وہ چاہتے ہیں کہ عوام مودی کو معاف نہ کریں۔ سابق مرکزی وزیرفینانس نے پرزور انداز میں حالیہ عرصہ میں بی جے پی زیرقیادت حکومت پر تنقید کی ہے اور جاریہ سال اپریل میں پارٹی سے مستعفی بھی ہوگئے۔
انہوں نے پٹی دار قائد ہاردک پٹیل کو کاشتکاروں سے خطاب کرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اس موقع پر کاشتکار دوست اسکیم کا اعلان کیا لیکن انہوں نے کاشتکاروں کیلئے اس بار کوئی بھی اسکیم کا اعلان نہیں کیا اس لئے کہ وہ کسانوں کو بھول گئے ہیں۔