جموں، 16 مارچ (یو این آئی) جموں کی ایک ٹاڈا عدالت نے پیر کے روز سنہ 1990 میں چار انڈین ایئر فورس اہلکاروں کی ہلاکت کے مقدمے میں کالعدم تنظیم جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر چھ افراد کے خلاف فرد جرم عائد کردی۔
ذرائع نے بتایا: ‘جموں ٹاڈا کورٹ نے چار آئی اے ایف اہلکاروں کی ہلاکت کے مقدمے میں سی بی آئی اور وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد کالعدم تنظیم جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر چھ افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی۔
ان کے خلاف دفعات 302، 307 آر پی سی، دفعہ 3 (3) اور ٹاڈا ایکٹ 1987 کی دفعہ 4 (1)، آرمز ایکٹ 1959 کی دفعہ 120 بی آف آر پی سی کے تحت فرد جرم عائد کی گئی’۔
ٹاڈا عدالت نے تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کو ہدایت دی ہے کہ وہ گواہوں کو 30 مارچ تک عدالت میں پیش کرے۔
تین دہائی پرانے اس مقدمے میں یاسین ملک کے علاوہ جن دیگر افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں علی محمد میر، منظور احمد صوفی عرف مصطفیٰ، جاوید احمد میر عرف نلکہ، نانا جی عرف سلیم، جاوید احمد زرگر اور شوکت احمد بخشی شامل ہیں۔