صنعاء : بحیرہ احمر کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں منگل کی دیر رات امریکی فضائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے، جب کہ 15 دیگر زخمی ہیں۔ حوثیوں کے زیر کنٹرول صحت کے حکام نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدید زخمیوں کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
صحت کے حکام اور مقامی باشندوں کے مطابق امریکی فوجی جنگی طیاروں نے امین مقبل رہائشی محلے میں مکانات کو نشانہ بنایاتھا۔ انہوں نے فضائی حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو فوٹیج بھی شیئر کی۔
حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ حدیدہ پر حملے شمالی یمن میں 50 امریکی فضائی حملوں کی وسیع سیریز کا حصہ تھے، جن میں دارالحکومت صنعا ءاور امران، ذمار اور اب صوبے شامل ہیں۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ حملوں میں خاص طور پر امران اور اب صوبے میں ٹیلی فون نیٹ ورک کی سہولیات کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ 15 مارچ کے بعد سے امریکی فضائی حملوں کا تازہ ترین سلسلہ ہے، جب امریکہ نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کے بعد حوثی گروپ کو اسرائیل کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لیےدوبارہ حملے شروع کیے ہيں۔