یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمنی اقواج نے جنوبی مقبوضہ فلسطین میں ایلات بندرگاہ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کےترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فضائیہ نے فلسطینی عوام کی حمایت میں جنوبی مقبوضہ فلسطین میں واقع ایلات بندرگاہ کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپوٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کےترجمان نے اس حملے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فضائیہ نے متعدد بیلسٹک میزائلوں سے ایلات بندرگاہ میں اپنے معینہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمن کی فوج اس ملک کے عوام اور عربی اور اسلامی اقوام کے مطالبات کے جواب میں فلسطینی عوام کے تئیں اپنا مذہبی، اخلاقی اور انسانی فرض ادا کرتی رہے گی ۔یحیی سریع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یمن کی مسلح افواج، صہیونی دشمن کے خلاف مزید زمینی اور سمندری کارروائیوں سے اس وقت تک دریغ نہیں کریں گی جب تک کہ جارحیت بند نہیں ہوجاتی اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کردیا جاتا۔