بستی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) موتی لال سنگھ کی دیر رات گئے بستی ضلع میں ایک سڑک حادثے کے دوران موت ہو گئی۔ ایک سڑک حادثہ میں موت واقع ہو گئی۔
سابق پی سی ایس افسر موتی لال سنگھ کی گورکھپور میں واقع وزیر اعلیٰ کے کیمپ آفس میں تعینات تھے۔ اس حادثے میں ان کی بیوی اور گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے موتی لال سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ لکھنؤ میں سڑک حادثے میں موتی لال سنگھ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعلی کے دفتر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ یوگی نے اس سانحہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔
دفتر وزیر اعلیٰ کے بیان میں کہا گیا ’’وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک سڑک حادثے میں چیف منسٹر کیمپ آفس، گورکھپور کے او ایس ڈی موتی لال سنگھ جی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مہاراج جی نے مہلوک کی روح کے سکون کی دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے افراد سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بستی پولیس نے بھی جمعہ کو ایک سڑک حادثے میں سنگھ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ضلع کے منڈیروا علاقے میں ہائی وے پر ایک آوارہ جانور کے گاڑی کے سامنے آنے کی وجہ سے ہوا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق موتی لال سنگھ جمعرات کی رات اپنی بیوی کے ساتھ اسکارپیو کار میں لکھنؤ جا رہے تھے۔ اس کے بعد منڈیروا کے قریب ہائی وے پر ایک جانور (نیل گائے) کو بچانے کی کوشش میں ان کی کار بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔
اس حادثے میں سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ اس کی بیوی اور گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو گورکھپور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔