لکھنؤ:اترپردیش میں سرکاری پورٹل پر اپنے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنے والے تقریباً2600مدارس پر کارروائی کی تلوار لٹکتی نظر آرہی ہے ۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق ریاست میں تقریباً 190ہزار ایسے مدارس ہیں جنہیں کسی نہ کسی طریقے سے سرکاری امداد ملتی ہے ۔سرکار نے ان مدرسوں سے پورٹل پر دیئے گئے پروفارما کے تحت تفصیلات مہیا کرانے کو کہا تھا۔اس کیلئے مقررہ وقت میں دوبار توسیع بھی کی گئی،لیکن تقریباً 2600مدرسے ایسے ہیں جنہوں نے تفصیلات پورٹل پر نہیں دی ہیں۔16ہزار سے زائد مدرسوں نے اپنی اپنی تفصیلات مہیا کرادی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرکار اب پروفارما پر کرنے کی تاریخ بڑھانے کے حق میں نہیں ہے ۔ایسے حالات میں تفصیلات مہیا نہ کرانے والے مدارس کے خلاف کارروائی کا امکان ہے ۔
دریں اثنا پورٹل میں دستیاب پروفارما پر تفصیلات نہ دینے والے ایک مدرسے کے منتظم نے بتایا کہ انہیں اس بارے میں ابھی تک کچھ معلوم ہی نہیں تھا۔اب معلوم ہوگیاہے ،پروفارما جلد ہی پر کردیا جائے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق تفصیلات مہیا کرانے کی آخری تاریخ 15اکتوبر تھی۔