للو نے کہا کہ یوگی حکومت مزدوروں کے ساتھ غیر انسانی رویہ کا برتاؤ کر رہی ہے۔ جسے بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تاریخ اس حکومت کے مزدور مخالف کالے کارناموں کو یاد رکھے گی۔
لکھنؤ: اترپردیش کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مصیبت میں پھنسے مہاجر مزدوروں کی یوگی حکومت کوئی مدد نہیں کر رہی ہے اور سطحی سیاست کی وجہ سے مزدوروں کی مدد کرنے والے کانگریسی کارکنوں کے راستے میں روکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر rہی ہے۔ تاکہ ان کے حوصلے پست ہوجائیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو اور کانگریس کے رکن اسمبلی آرادھنا مشرا ‘مونا’ نے بدھ کو ویڈیو پریس کانفرنسنگ کر کے اترپردیش حکومت کی تنقید کی۔ للو اور آرادھنا مشرا نے کہا کہ مزدوروں نے اس ملک کی تعمیر میں اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔ آج ملک کے مزدوروں کے اوپر خطرات کے بادل منڈلا رہے تو حکومت نے انہیں اکیلا چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ سینکڑوں۔ہزاروں کلومیٹر پیدل، سائیکل سے سفر کر نے کے لئے مزدور مجبور ہیں۔ صرف اتنا ہی نہیں سرکار اس حالت میں بھی کرایہ وصول کررہی ہے، یہ غیر انسانی اور شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مزدوروں کے ریلوے کا کرایہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس مزدوروں کا درد سمجھتی ہے لیکن غریب، مزدور مخالف بی جے پی حکومت انہیں مہاجر مزدوروں کی فہرست نہیں دستیاب کرا رہی ہے جس سے کہ ان کی مدد کی جاسکے۔