نئی دہلی : اتر پردیش حکومت نے ‘ویر’ ساورکر پر متنازعہ بیان کے معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو نچلی عدالت کی طرف سے جاری سمن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر(مسٹر گاندھی) لگے الزامات سے جان بوجھ کر نفرت پھیلانے کا اشارہ ملتا ہے۔
ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے لکھنؤ کی ایک عدالت کی طرف سے اپوزیشن لیڈر مسٹر گاندھی کو جاری کیے گئے سمن کو درست قرار دیتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ نچلی عدالت نے مہاراشٹر میں 2022 کے ‘بھارت جوڑو’ پروگرام کے دوران متنازعہ تبصرے کے سلسلے میں یہ سمن جاری کیا تھا۔
حلف نامے میں کہا گیا کہ سمن کا حکم کیس فائل، بیانات اور تحقیقاتی رپورٹس کی دوبارہ جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا، جو اپوزیشن لیڈر کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تائید کرتے ہیں۔ تحقیقات کی بنیاد پر لگائے گئے الزامات سےپہلے سوچے سمجھے اقدامات کے ذریعے نفرت پھیلانے کا اشارہ ملتا ہے، جو جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
حکومت نے اپنے حلف نامے میں کہا، “مجسٹریٹ نے حقائق اور شواہد پر مناسب عدالتی صوابدید کا استعمال کیا اور پہلی نظر میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153-اے اور 505 کے تحت کیس کا تعین کیا”۔
ایڈوکیٹ نریپیندر پانڈے کی شکایت پر لکھنؤ کی عدالت کی طرف سے جاری سمن کے خلاف مسٹر گاندھی کی عرضی پر سپریم کورٹ جمعہ کو سماعت کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ 25 اپریل 2025 کو سپریم کورٹ نے مسٹر گاندھی کے خلاف سمن جاری کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر روک لگا دی تھی لیکن انہیں آزادی پسندوں کے خلاف مزید توہین آمیز تبصرہ کرنے سے باز رہنے کو کہا تھا۔ بنچ نے ان کے وکیل سے کہا، “یہ واضح کیا جاتا ہے، ہم کسی بھی مزید بیان پر از خود نوٹس لیں گے اور راحت کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ ہم آپ کو آزادی پسندوں کے بارے میں کچھ بھی کہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے ہمیں آزادی دلائی ہے۔
وکیل کی طرف سے دسمبر 2024 میں لکھنؤ کی ایک عدالت میں شکایت درج کرانے کے بعد مجرمانہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔ مہاراشٹر کے اکولا ضلع میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ایک ریلی میں، مسٹر گاندھی نے 17 نومبر 2022 کو مبینہ طور پرتبصرہ کیا تھا کہ ونائک دامودر ساورکر ایک برطانوی ملازم تھے جنہیں پنشن ملتی تھی۔